جسٹس آف پیس نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا۔فائل فوٹو
جسٹس آف پیس نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا۔فائل فوٹو

امریکی خاتون کی درخواست، رحمان ملک،ایس پی اورایس ایچ او سے جواب طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کی رحمان ملک کےخلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے رحمان ملک، ایس پی کمپلینٹ اور ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی، سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے وکیل عمران فیروز پیش ہوئے۔سنتھیا کی جانب سے دائر درخواست کے متن میں کہا گیا کہ رحمان ملک سے گھناؤنے جرم کا ارتکاب ہوا ہے لیکن اس کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی جبکہ جسٹس آف پیس نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جسٹس آف پیس کا یکم اکتوبرکا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے، ایس پی کمپلینٹ کو حکم دیا جائے کہ وہ رحمان ملک کے خلاف مقدمہ درج کرے۔جسٹس اطہرمن اللہ نے سنتھیا رچی کے وکیل سے استفسارکیا کہ اس بارے میں سپریم کورٹ کا کیا فیصلہ آیا ہے؟

وکیل عمران فیروز نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی آئندہ سماعت پرعدالت میں جمع کرادوں گا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی۔