بھاری بھتہ کے عوض مین قائد آباد چوک پر ٹھیلے پتھاروں کی بھرمارہے۔فائل فوٹو
بھاری بھتہ کے عوض مین قائد آباد چوک پر ٹھیلے پتھاروں کی بھرمارہے۔فائل فوٹو

قائد آباد چوک پر ٹھیلے پتھاروں کی بھرمار۔ٹریفک کی روانی متاثر

قائد آباد ٹریفک پولیس شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے سامنے بے بس ہوگئی،ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات کو شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ہوا میں آڑا دیا۔بھاری بھتہ کے عوض مین قائد آباد چوک پر ٹھیلے پتھاروں کی بھرمارہے۔

ملیر مرغی خانہ اسٹاپ سے لیکر قائدآباد چوک کے چاروں اطراف، نیشنل ہائی وے گرین سٹی، منزل پمپ سے لے کر رزاق آباد ٹریننگ سینٹرتک مقامی پولیس نے ہزاروں کی تعداد میں ٹھیلے پتھارے قائم کردیے۔

جبکہ چند روز قبل ڈی آئی جی ٹریفک نے ضلع ساؤتھ اور سٹی کے دورے کے دوران سڑک کے کنارے ٹھیلے پتھارے قائم ہونے پر متعلقہ ٹریفک سیکشنز افسران پرنا صرف برہمی کا اظہار کیا بلکہ شوکاز نوٹس تک جاری کیے گئے۔

قائد آباد ٹریفک سیکشن کے افسر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈی آئی جی کے سخت احکامات کے باوجود شاہ لطیف ٹاؤن پولیس ٹھیلے پتھارے مافیا کی مکمل پشت پناہی کر رہی ہے اوررفیق شاپنگ سینٹرکے بااثر دکاندار بھی ملوث ہیں، جن کی ایما پر ملیر ڈی سی آفس کے سامنے سڑک کے دو ٹریک مکمل طورپرٹھیلے پتھارے مافیا کے قبضے میں ہیں، صبح و شام ٹریفک جام معمول بن چکی ہے۔

ٹریفک افسرکا کہنا تھا کہ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے یومیہ بھاری بھتے کی وجہ سے ٹریفک پولیس پر عوام کا اعتماد ختم ہو رہا ہے۔