آئی جی سندھ نے اپنی اور دیگر تمام پولیس افسران کی چھٹیوں پر جانے کی درخواستوں کے فیصلے کو انکوائری کے نتائج سامنے آنے تک اگلے 10روز کے لئےموخر کردیا ہے .
سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 18اور 18اکتوبر کی درمیانی شب کو پیش آنے والے افسوسناک واقعہ نے سندھ پولیس کے ہر افسر کو صدمے سے دوچار کیا جس پر احتجاج کے طور پر آئی جی سندھ نے چھٹیوں پر جانے کی درخواست دی ۔
چونکہ اس واقعہ کو پولیس کے ہرفرد نے شرمناک سلوک اور اپنی بے عزتی سے تعبیر کیا اس وجہ سے احتجاج کے لئے پولیس کے دیگر افسران نے بھی چھٹیوں پر جانے کی درخواستیں دینا شروع کردیں ۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ سندھ پولیس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شکر گزار ہے جنہوں نے یونیفارمڈ فورس میں پھیلنے والے صدمے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے شفاف انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں جس میں شفاف انکوائری کے ذریعے سندھ پولیس کی ساکھ کی بحالی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔
سندھ پولیس اعلامیہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پولیس افسران سے اظہار یکجہتی کے لئے آئی جی سندھ کے آفس آمد پر بھی شکریہ اداکیا گیا۔
سندھ پولیس کے جاری کردہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ سندھ پولیس ہمیشہ سے ایک انتہائی منظم ادا رہ رہا ہے جوکہ قومی اداروں کے درمیان یکجہتی کا قائل ہے اور صوبے کے شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر دم تیار ہے اسی تناظر میں آئی جی سندھ نے اپنی چھٹی پر جانے کی درخواست کو موخر کرنے کے ساتھ ہی اپنے تمام افسران کو بھی احکامات جاری کردئے ہیں کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں انکوائری کے نتائج سامنے آنے تک اگلے 10یوم کے لئے اپنی چھٹیوں پر جانے کی درخواستوں کو موخر کردیں ۔