وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں۔سندھ پولیس نے جان کا نذرانہ پیش کرکےکراچی میں امن بحال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے سینئر افسران سے ملاقات کی، ملاقات میں آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جیزاورڈی آجی جیز شریک تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کی صوبے میں امن وامان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں۔ سندھ پولیس نے جان کا نذرانہ پیش کرکے صوبے خاص طور پر کراچی میں امن بحال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس نے بڑے بڑے دہشت گردی کے واقعات میں اہم گرفتاریاں کیں، میں پولیس کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا متعرف ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی پولیس کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ ہے، پولیس کو کسی صورت ڈی مورلائیزڈ نہیں ہونے دینگے ، پولیس اپنے بھرپور جذبہ کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ خدمات جاری رکھے۔
سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت پولیس کے باقی معاملات کو خود دیکھے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پولیس کو ہمیشہ آزادانہ کام کرنے کی ہدایت کی ہے
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔
اس موقع پرسندھ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کا ہر مرحلے پر پولیس کی رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ،ہم پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے عوام کی جان و مال کا تحفظ کرتے رہیں گے۔