دورہ پاکستان کیلیے اعلان کردہ زمبابوے کی ٹیم کے 2 کھلاڑیوں اورسپورٹ اسٹاف کے 2اراکین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آ گئے۔
پاکستان کے اعلان کردہ 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں ریگس چکابوا اور ٹمی سین موروما بھی شامل تھے جنہیں پاکستان کا سفر کرنا تھا لیکن انہیں پاکستان پہنچنے والے 20رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
چکابوا اور مروما ہرارے کی زمبابوے کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ببل میں ایک ہی کمرے میں رہ رہے تھے اوردونوں کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اس کے بعد جو کھلاڑی بھی ان سے رابطے میں آئے تھے ان کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں سپورٹ اسٹاف کے دو اراکین کے ٹیسٹ مثبت آ گئے۔
ان چاروں افراد کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اوراسی وجہ سے انہیں دورہ پاکستان کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ یہ ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود زمبابوے کا دورہ پاکستان کھٹائی میں نہیں پڑا اور زمبابوے کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جسے یہاں پہنچنے سے قبل ان چاروں افراد سے الگ ایک ہوٹل میں رکھا گیا تھا۔