گستاخانہ خاکوں کیخلاف عرب ممالک کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہونے کے بعد فرانس کے ہوش ٹھکانے آ گئے،فرانس نےعرب ممالک سے اپنی مصنوعات کا بائیکاٹ ختم کرنے کی اپیل کردی ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ "بائیکاٹ کے یہ مطالبات بے بنیاد ہیں اور ہمارے ملک کے خلاف ایک بنیاد پرست اقلیت کے حملوں کو فوری رکنا چاہیے”۔
یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے اسلام مخالف بیان اور حضرت محمد ﷺ کی شان میں ہونے والی گستاخی کو نہ روکنے کے بیان کے بعد کئی ممالک میں فرنچ مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہے۔اس وقت کویت، اردن،کویت اور قطر سمیت کئی ممالک کے اسٹورز سے فرانسیسی مصنوعات کو ہٹا دیا گیا ہے۔
اس بائیکاٹ مہم میں خلیجی ریاستوں کی تنظیم جی سی سی کے تقریباً تمام رکن ممالک شامل ہیں جب کہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک میں بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی حمایت کی جا رہی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے عرب ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔