پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ قومی ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے باعث مایوسی کا شکارہوکر قائداعظم ٹرافی سے دستبردارہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ نے قائداعظم ٹرافی سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کمنٹری میں مصروفیت تلاش کرلی ۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل رنز بنائے لیکن اب اندازہ ہوگیا کہ مجھے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا، ایسا سفر جاری رکھنے کا فائدہ نہیں جس کی منزل نہ ہو۔
واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس 2010ءمیں سزا پانے والے محمد عامر کی فاسٹ ٹریک پر قومی ٹیم میں واپسی ہوئی لیکن سلمان بٹ اور محمد آصف فرسٹ کلاس کرکٹ تک محدود رہے البتہ سلمان بٹ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کا موقع ضرور ملا تاہم وہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے سلمان بٹ کیلیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطیاں ہرانسان سے ہوتی ہیں، غلطیوں سے ہمیشہ سبق سیکھنا چاہیے۔