افغان صوبے خوست میں پولیس سینٹر کوکاربم دھماکے سے اڑا دیا گیا۔حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور33 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے خوست میں صبح 6 بجے دہشت گردوں نے پولیس اسپیشل یونٹ سینٹر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے پہلے پولیس سینٹرکی دیوارکو کار بم دھماکے سے اڑایا اور پھراندر داخل ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو طلب کرکے علاقے کو کسی بھی قسم کی آمدورفت کے لیے سیل کردیا گیا ہے۔
افغان صوبے خوست کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایک اورکار کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا جب کہ پولیس سینٹر کی دیگر عمارتوں کو کلیئر کرکے حملہ آوروں کو ایک عمارت تک محدود کردیا گیا ہے جہاں سیکیورٹی فورسز کا ان سے مقابلہ جاری ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے جب کہ ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی ۔