ترکی میں ہولناک زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی جبکہ ملبے سے ایک بچی کو تین روز بعد زندہ نکال لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تین سالہ بچی کو ازمیر شہر میں تباہ ہونے والی ایک بلڈنگ کے ملبے سے زندہ ریسکیو کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ بچی تقریباً 65 گھنٹے تک ملبے تلے دبی رہی تاہم خوش قسمتی سے زندہ رہی تاہم اس کے ساتھ ہی بچی کی والدہ اورایک اور بچے کو نکالا گیا جو مردہ حالت میں تھے۔
ریسکیو حکام کےمطابق زلزلے میں اب تک کل 81 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے صرف 79 ہلاکتیں ازمیر شہر میں ہوئیں اور 2 لاشیں جزیرے ساموس سے نکالی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ شہر میں جمعہ کو آنےوالے زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں جب کہ یہ زلزلہ ترکی میں تقریباً ایک دہائی کے دوران آنے والا خطرناک زلزلہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے میں تقریبا 950 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور بے گھر ہونے والوں کو 3500 سے زائد خیموں میں ٹھہرایا گیا ہے۔