جنوبی افریقی وفد کراچی اورلاہور کی سیکیورٹی کا جائزہ بھی لے گا۔فوٹو سوشل میڈیا
جنوبی افریقی وفد کراچی اورلاہور کی سیکیورٹی کا جائزہ بھی لے گا۔فوٹو سوشل میڈیا

کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دییا

راولپنڈی۔ کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے پاکستان میں سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیدیا۔
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ اورآئی سی سی سیکیورٹی کے نمائندوں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پرجنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد اورآئی سی سی سیکیورٹی کے نمائندوں نے سیکریٹری داخلہ سے بھی ملاقات کی، ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نےاجلاس میں سندھ پولیس کی نمائندگی کی۔ ڈی آئی جی کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال اوراقدامات پر شرکا کو بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقا کا 4 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم میں موجود ہے، مہمان وفد پاکستان اورزمبابوے کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ دیکھ رہا ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا، 4 رکنی وفد زمبابوے ٹیم کو دی گئی سیکیورٹی سے مطمئن ہے۔
جنوبی افریقی وفد کراچی اورلاہور کی سیکیورٹی کا جائزہ بھی لے گا، وفد کی قیادت کرکٹ جنوبی افریقا کے آپریشنز منیجر موکاش گیجرکر رہے ہیں، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی وفد کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔
وفد کے دیگراراکین اسٹیفن گریک، محمد زونید اور روری اسٹین بھی راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاک زمبابوے میچ دیکھ رہے ہیں، دوسری طرف چار رکنی وفد نے پاکستانی کھانوں کی بھی بڑی تعریف کی ہے۔
یاد رہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا ہے جو ملک میں جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لے رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
مشاہدے اور جائزے کے بعد یہ وفد اپنی رپورٹ کرکٹ جنوبی افریقا کو فراہم کرے گا، بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ سیریز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم بھی آئندہ برس اپریل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔