امریکا میں صدارتی انتخاب کے دوران ایوان زیریں کے انتخابات میں ایک ایسا امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جوایک ماہ قبل کورونا کے باعث چل بسا تھا۔
سی این این کے مطابق جنوبی ڈکوٹا کے ضلع 8 کی نشست سے ایوان زیریں کا انتخاب لڑنے والا ایک ایسا امیدوار حیران کن طور پر کامیاب ہوگیا، جو اب اس دنیا میں نہیں رہا۔
جنوبی ڈکوٹا کے ضلع 8 سے ڈونلڈ ٹرمپ کی پارٹی کا امیدوار55 سالہ ڈیوڈ انڈاہل دیگر تینوں امیدواروں کو شکست دے کرکامیاب ہوگیا۔
ایوان زیریں کے جاری کردہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیوڈ انڈاہل نے مجموعی طور پر35 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اورکورونا کے باعث انہیں ڈاک کے ذریعے انتخابات سے قبل ہی زیادہ ووٹ ملے تھے۔
اپنی موت کے بعد کامیاب ہونے والے امیدوارکو کورونا کے باوجود انتخابی مہم میں متحرک دیکھا گیا تھا، تاہم گزشتہ ماہ وہ کورونا کا شکار ہوگئے تھے اور ان کی موت 5 اکتوبرکو ہوگئی تھی۔