سرچ آپریشن کے بعد علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔فائل فوٹو
سرچ آپریشن کے بعد علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔فائل فوٹو

قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی۔ مزید 2 کشمیری شہید

ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کی بیحرمتی کی، بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

قابض بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ایک گھر پراندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔

مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے معصوم نوجوانوں کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان عسکریت پسند تھے اور اسلحہ سمیت ایک گھر میں پناہ لیے ہوئے تھے۔

علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی جس پر بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔