بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی وبا (کویڈ19)کے بعد معاشی بحالی کے تناظر میں پاکستانی قوم کو مستقبل کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔
یہ بات پروفیسراقبال چوہدری نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے تحت جمعہ کو سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرام برائے2020کے نئے طالب علموں کے لیے منعقدہ ایک تعارفی کلاس میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ عالمی وبا کے زمانے میں بین الاقوامی امداد و معاونت بے اثرہوگئی اور قوموں کوانتہائی خوفناک وبا میں خود اُن کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، یہ زمانہ پاکستانی قوم سے تقاضا کرتا ہے کہ ملک میں ایسے ثقافت پیدا کی جائے جس سے سائنسی اور معقولیت پسندی پر مبنی سوچ کو فروغ ملے۔
پروفیسراقبال چوہدری نے نئے محقیقین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی خوش قسمیتی ہے کہ آپ ایک بین الاقوامی ادارے میں حصولِ تعلیم کے لیے داخل ہوئے ہیں، یہ ادارہ اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جہاں متعدد غیر ملکی محقیقین سمیت600سے زیادہ پی ایچ ڈی اورایم فل طالب علموں پر مشتمل اعلیٰ معیارکا پی ایچ ڈی پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقومی مرکزکا ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرام میرٹ پراُستوار ہے، انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نئے محقیقین نامیاتی کیمیا، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیا، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن جیسے اہم شعبہ جات میں تحقیق کرنے کے مجاز ہوں گے۔
تقریب میں طلبہ و طالبات، ریسرچ آفیسرزاوراساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ سینئر پروفیسرڈاکٹر شائق علی، ڈاکٹر سیدغلام مشرف، ڈاکٹر مقصود احمد چھوٹانی، ڈاکٹر ظہیرالحق قاسمی سمیت دیگرآفیشل نے بھی طلبہ و طالبات سے خطاب کیا۔