کراچی پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کواٹر میں ادا کر دی گئی۔
ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈاکوئوں سے فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ شب جام شہادت شہید نوش کیا تھا۔ شہید پولیس اہلکار چونکہ ڈیوٹی کیلیے تھانے جا رہا تھا اس لیے سادہ لباس میں ملبوس تھا، مینا بازارکے قریب دو ڈاکوؤں کو شہری کو لوٹتے ہوئے دیکھا تو شہری کی مدد کیلیے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی۔
شہید نے بہادری اور دلیری سے شہری کی جان اورمال کی حفاظت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو ہلاک کیا جبکہ ہلاک ڈاکو کے ساتھی کی گولی سے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
شہید کی نماز جنازہ میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت سینئیر پولیس افسران اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل کی عمر40 سال اور وہ تھانہ عزیزآباد میں تعینات تھے۔
شہید اہلکارنے پسماندگان میں بیوہ اور تین بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔ شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے 1999 میں پولیس فورس جوائن کی اورکراچی کے مختلف تھانوں پرایمانداری اور بہادری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے 08 اکتوبر 2020 کو فرض کی راہ میں جان دی۔
آئی جی پولیس سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر پولیس افسران نے شہید ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔