متحدہ عرب امارات میں قومی پرچم کی توہین پربھاری جرمانے اورقید کی سزا ہوسکتی ہے۔
خلیج ٹائمزکے مطابق حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے محکمہ انصاف نے عوامی آگاہی کے لیے ٹوئٹر پرایک پیغام جاری کیا ہے۔اس پیغام کے مطابق عوامی مقامات یا عوامی آمدو رفت کے لیے کھلی جگہوں پراماراتی پرچم کی توہین کرنے والوں کے لیے ملکی قانون میں سخت سزائیں موجود ہیں۔
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ 1971 کے دوسرے وفاقی قانون کا آرٹیکل تین متحدہ امارات کے پرچم سے متعلق ہے جس کے مطابق قومی پرچم کو گرانے، پھینکنے، نقصان پہنچانے یا کسی بھی طریقے سے اس کی توہین کرنے والے کو کم سے کم 10 برس اور زیادہ سے زیادہ 25 برس کی قید ہوسکتی ہے۔
اس کےعلاوہ قومی پرچم کی توہین کے مرتکب پرقید کی سزا کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
پبلک پراسیکیوٹرزکے مطابق متحدہ عرب امارات کی رکن ریاستوں ،خلیج تعاون تنظیم ممالک یا کسی دوسرے ملک کے پرچم کی توہین پربھی یہی قانون لاگو ہوگا۔