پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹراورقومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کیلیے 35 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا اور تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کو سونپ دی گئی ہے جبکہ محمد رضوان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کھلاڑیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اوپنرز میں عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان اور امام الحق کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ شان مسعود اور ذیشان ملک بھی بطوراوپننگ بلے باز اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں 11 کھلاڑی شامل ہیں جن میں بابراعظم ہمارا مین بلے باز ہے جو ذمے داری لے رہا ہے اوردباﺅ کی بجائے اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہرعلی، دانش عزیز، فواد عالم، حیدرعلی، حارث سہیل، حسین طلعت، افتخاراحمد، عمران بٹ، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ شامل ہیں جبکہ وکٹ کیپرز میں محمد رضوان، روحیل نذیر اور سرفراز احمد کو منتخب کیا گیا ہے۔
فاسٹ باﺅلنگ کے شعبے میں عماد بٹ، فہیم اشرف، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض، حارث رﺅف، محمد عباس، سہیل خان منتخب ہوئے جبکہ اسپنرز میں عماد وسیم، شاداب خان، عثمان قادر، یاسر شاہ اور ظفر گوہر شامل ہیں۔ سینئر آل راﺅنڈر شعیب ملک، اسد شفیق اور محمد عامر کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ میں تمام کوچزکا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ میرا آخری اسائنمنٹ ہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق نے چند ہفتے قبل چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب تمام ترتوجہ قومی ٹیم کی کوچنگ پر دینا چاہتے ہیں، وہ 30 نومبر تک چیف سلیکٹر رہیں گے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نئے چیف سلیکٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔