ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکارکیا گیا۔فائل فوٹو
ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکارکیا گیا۔فائل فوٹو

ڈاکٹرماہا کیس۔ تین اہم گواہوں کو عدالت نے طلب کرلیا

کراچی کی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ کیس میں تفتیشی افسرکی تین اہم گواہوں کے بیانا ت قلمبند کروانے کی درخواست منظورکرتے ہوئے 18 نومبر کو طلب کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت میں ڈاکٹر ماہا شاہ کیس کی سماعت ہوئی جس دوران تفتیشی افسر نے اہم گواہوں کے بیان قلمبند کروانے کی درخواست دائرکردی ، عدالت نے تین اہم گواہوں کو بیان قلمبند کروانے کیلیے 18 نومبرکو طلب کرلیا۔

گواہوں میں متوفیہ کی بہن فاطمہ شاہ ، بھائی نادعلی اور مسمات منزہ شامل ہیں ۔تفتیشی افسرکا اپنی درخواست میں کہناتھا کہ متوفیہ ماہا شاہ کی آڈیو ریکارڈنگ شواہد میں شامل ہے۔

تفتیشی افسرنے عدالت میں بتایا کہ ڈاکٹر ماہا شاہ کیس میں کوکین سپلائی کرنے والے تین ملزمان گرفتار ہیں، کیس میں دو ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں ، مزید تین کو گرفتار کرنا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہا شاہ کیس میں دو ملزمان کی عبوری ضمانت میں 19 نومبر تک توسیع کردی ، تفتیشی افسرکی غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔