امریکی نیوز چینل نے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کا بھانڈہ پھوڑ دیا اور ووٹ ڈالنے والے مردہ امریکی شہریوں کے ناموں کی فہرست بھی نشرکردی۔
امریکی ٹی وی چینل پر نشر فہرست میں درجنوں ایسے ووٹرزکے نام ہیں جو 2003 کے بعد وفات پا چکے، چینل نے ان افراد کی تاریخ پیدائش بھی دکھائی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ ان مردہ ووٹرز نے ووٹ کس امیدوار کو ڈالا۔
چینل کے اینکر پرسن نے دعویٰ کیا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ جب آپ ووٹ ڈالنا آسان بنا دیں گے تو مُردے بھی ووٹ ڈالیں گے اور امریکی ٹی وی نے خیال ظاہر کیا کہ یہ ووٹ جوبائیڈن کو جتوائیں گے۔
خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح اکثریت حاصل ہے ۔
ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے لاکھوں ووٹ مخالف کے کھاتے میں ڈالے گئے۔
دوسری جانب امریکی الیکشن کمیشن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف ہوئے، کسی کو بھی اس پر شک نہیں ہونا چاہیے۔