کراچی۔شوہرکو اسپتال لے جانے والی بیوی ، بیٹی اور نواسی ٹریفک حادثے میں جاں بحق اورایک نواسہ شدید زخمی ہوگیا۔اسپتال میں متوفیہ کا شوہر بھی جانبر نہ ہوسکا۔
ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے انتقال سے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی، جب کہ پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر سہراب گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کی 2 خواتین اورایک بچی جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے میں جاں بحق شمائلہ کے والد کو سینے میں تکلیف پر دوسری گاڑی میں اسپتال لے جایا جارہا تھا،تاہم وہ اسپتال میں رات گئے چل بسے۔متوفیوں میں شمائلہ زوجہ کامران، اس کی والدہ شائستہ اور بیٹی زرشان شامل ہیں، جبکہ متوفیہ شمائلہ کا بیٹا زریاب زخمی ہے ۔تمام افراد گلشن معمار کے قریب احسن آباد میں قائم مشرق سوسائٹی کے رہائشی تھے۔
اس حوالے سے متوفیہ شمائلہ کے دیور فیاض نے بتایا کہ کامران کی اہلیہ شمائلہ کے والد کو بدھ کی رات کو دل کا عارضہ لاحق ہوا تھا،جس پرانہیں اپنی گاڑی میں لے کراسپتال کے لیے روانہ ہوا۔اسی دوران ان کے ساتھ ساتھ شمائلہ اپنی والدہ شائستہ اوربچوں زرشان اور دریاب کو لے کر اپنی گاڑی میں روانہ ہوئی۔
راستے میں شمائلہ کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا،جس میں وہ والدہ اور بچے کے ساتھ جاں بحق ہوگئی،جبکہ کامران سسر کو لے کر اسپتال پہنچ گیا۔شمائلہ کے والد ناصر بھی اسپتال میں دل کے دورے کے باعث دم توڑ گئے۔
ادھرایک خاندان کے چارافراد کے جاں بحق ہونے پر خاندان پرغم کے پہاڑ توڑ پڑے ہیں،جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔