چین نے امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے جوبائیڈن اور ان کی نائب کمالہ دیوی ہیرس کو مبارکباد دی ہے۔
3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹ سے زیادہ حاصل کرچکے ہیں اور وہ آئندہ مدت کیلئے امریکا کے صدر ہوں گے۔
گزشتہ دنوں امریکی میڈیا میں جوبائیڈن کی کامیابی کے ساتھ ہی مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور دیگر شخصیات کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے تاہم روس، ترکی اور چین نے ڈیموکریٹک امیدوار کو کامیابی پر مبارکباد دینے سے گریز کیا تھا۔
اب چین نے باقاعدہ طور پر آئندہ امریکی صدر اور نائب صدر کومبارکباد دی ہے۔
چینی وزرات خارجہ کے ترجمان وانگ ونبن نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ چین امریکی عوام کے انتخاب کا احترام کرتا ہے اور وہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کمالا ہیرس کو مبارکبادپیش کرتےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین سمجھتا ہے کہ امریکی انتخاب کا نتیجہ امریکی قوانین اور طریقہ کار کے مطابق طے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آئندہ امریکی صدر جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹ 290 جبکہ ٹرمپ کے 217 ہیں تاہم جارجیا میں دوبارہ گنتی ہوگی اور شمالی کیرولینا میں ابھی نتائج آنا باقی ہیں، ان ریاستوں میں ٹرمپ کے حق میں نتائج آنے کے باوجود وہ صدارتی دوڑ سے باہر ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج میں جوبائیڈن کی ناقابل شکست برتری کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ کو امید ہے کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے اور انہوں نے اب تک شکست تسلیم نہیں کی ہے اور نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘ہم بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، انتخاب کے نتائج اگلے ہفتے آنا شروع ہوں گے’۔
اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی کہہ چکے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی ہموار انداز میں ہوگی لیکن یہ ٹرمپ کی دوسری انتظامیہ کیلئے ہی ہوگی۔