کراچی۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اور تنخواہوں کوآن لائن کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اور تنخواہوں کوآن لائن کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔چھ ممبران پر مشتمل کمیٹی چار ماہ میں حتمی رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو پیش کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ہوں گے، سیکشن افسرایڈمن کمیٹی کے سیکریٹری کے طورپرکام کریں گے، دیگر ممبران میں ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری ہاؤسنگ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور بلدیاتی اداروں میں ایمپلائز یونین کا ایک نمائندہ شامل ہو گا۔
کمیٹی نوٹیفکیشن میں دیے گئے ٹی او آرزکے تحت کام کرے گی، ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی تمام بلدیاتی اداروں میں موجود ملازمین کی اسکروٹنی کرے گی اور تنخواہوں کو آن لائن کرنے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی اس بات کا بھی فیصلہ کرے گی کے ملازمین کی تنخواہیں اے جی آفس سندھ یا ڈائریکٹوریٹ فنانس آفس سے جاری کی جائیں، موجودہ کمیٹی اس حوالے سے بنے والی پچھلی انکوائری کمیٹی کے نکات کو بھی مدِنظر رکھے گی۔
اس سے قبل بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اورآن لائن تنخواہوں کے اجرا کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، انکوائری کمیٹی میں اس وقت کے ایڈیشنل سیکریٹری غلام عباس دھتو اور ڈپٹی سیکریٹری اپیل نظیر احمد شامل تھے۔