وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے اپنی تجاویز صوبوں کو بھجوادیں۔
وفاقی وزارت تعلیم نے تجویز دی ہے کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کردیا جائے۔
وزارت تعلیم نے تجویز دی ہے ہے کہ 24نومبر سے پرائمری اسکولز بند کر دیے جائیں، 2دسمبر سے مڈل اسکولز بند کیے جائیں، 15 دسمبر سے ہائر سیکنڈری اسکولز بند کیے جائیں۔
تجویز دی گئی ہے کہ اساتذہ اداروں میں حاضری یقینی بنائیں اور آن لائن ایجوکیشن کیلئے تیاری کی جائے، مقامی طور پر ٹیلی اسکول، ریڈیوسمیت آن لائن ایجوکیشن سسٹم کو لاگو کیا جائے۔
وفاقی وزارت تعلیم نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھانے کی تجویزکے تحت میڑک، انٹرمیڈیٹ امتحانات جون 2021 میں لیے جائیں۔
وفاقی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس 23نومبر کو ہوگی، اس اجلاس میں صوبے اپنی تجاویزپیش کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سرکاری دفاتر میں 50 فیصد عملہ بلانے کی ہدایت کی ہے جب کہ تعلیمی اداروں کے حوالے سے آئندہ ہفتے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ 20 نومبر سے انڈور شادی ہالز پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے جس کے خلاف ہالز مالکان سراپا احتجاج ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، ماسک پہنیں اور احتیاط کریں تاکہ کاروبار مکمل بند نہ کرنا پڑے۔