دمشق: اسرائیلی فضائیہ نے شام پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 3 شامی فوجیوں سمیت شامی صدر بشارالاسد کے حامی 7 ملکی جنگجو بھی ہلاک ہوگئے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے شام میں فضائی حملوں کے نتیجے میں کئی اور فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے یہ کارروائی شمالی سرحد سے ملنے والے بارودی مواد کے بعد انتقامی طور پر کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق ائیرپورٹ کے قریب اور دارالحکومت دمشق کے جنوبی مغربی علاقے میں شامی فضائی دفاع کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
خبر ایجنسی کے مطابق شامی مبصر گروپ برائے انسانی حقوق نے ان حملوں میں شامی فوج کے 3 اہلکاروں سمیت 7 غیر ملکی جنگجو بھی مارے جانے کی تصدیق کی ہے، مارے گئے 5 جنگجوؤں کا تعلق مبینہ طور پر ایران کی قدس فورس سے تھا جب کہ دیگر 2 جنگجو بھی شامی حکومت کے حمایت یافتہ گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات گئے ایرانی قدس فورس اور شامی فوج سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملوں میں گوداموں، ہیڈکوارٹر، ملٹری کمپاؤنڈ اور شام کے زمین سے فضا سے مار کرنے والے میزائلوں کی بیٹریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
شامی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہےکہ اسرائیلی حملوں میں شام کے تین فوجی ہلاک ہوئے ہیں
اسرائیلی فوجی حکام نے منگل کے روز دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے گولان کی پہاڑیوں سے دھماکا خیز مواد برآمد کیا ہے جو شام میں ایران کی مورچہ بندی کے واضح ثبوت ہیں۔