فیصل آباد میں خود کو برسر روزگارظاہرکرکے منگنی کرنے والے نوجوان نے بے روزگاری کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد منگنی ٹوٹنے کی رنجش پرحقیقت سامنے لانے والے شخص کے سات سالہ بیٹے کو اغوا کرکے قتل کرنے کے بعد لاش پانی کے جوہڑ میں پھینک دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ جڑانوالہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک یاسین نامی نوجوان نے خود کو برسر روزگار ظاہرکرکے منگنی کی تھی، اس کے سسرالیوں نے جب اس کے ایک جاننے والے ندیم سے تصدیق کی تو اس نے یاسین کی حقیقت بتا دی کہ وہ کوئی کام نہیں کرتا جس پراس کی منگنی ٹوٹ گئی۔
پولیس کے مطابق اسی رنجش پر ملزم نے ندیم کے 7 سالہ بیٹے کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرکے لاش پانی کے جوہر میں پھینک دی۔
پولیس نے بچے کی گمشدگی کے پانچ روز بعد جب شبہ ہونے پر ملزم کو پکڑکرتفتیش کی تو ملزم نے بچے کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے پانی کےایک جوہڑ سے بچے کی لاش برآمد کروا دی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا اورملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔