کراچی میں برساتی نالوں پر قائم 800 کے قریب مکانات گرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ انسداد تجاوزات نے منظورکالونی کے برساتی نالوں پرقائم تجاوزات کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کی تیاری مکمل کرلیں،کے ایم سی کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ علاقے میں پہنچ گیا۔
اس دوران علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہرنکل آئی اوراحتجاج شروع کردیا۔ شہریوں کے احتجاج کے باعث قیوم آباد ،ڈیفینس اوراخترکالونی کورنگی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا ہے،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں
کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے رینجرز، پولیس کی بھاری نفری موجود ہے،پولیس نے مشتعل ہجوم سے مذاکرات کیے جو ناکام ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز حکام نے بتایا تھا کہ برساتی نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا کام منظورکالونی سے شروع ہوگا۔عدالت عظمیٰ کے احکامات پر(آج)جمعرات 19 نومبر کو آپریشن کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ انسداد تجاوزات کے تمام ڈائریکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن منظور کالونی فائر بریگیڈ اسٹیشن شہید ملت ایکسپریس وے سے شروع ہوگا،جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔حکام کے مطابق تجاوزات کے خلاف اس آپریشن کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگر عملے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ حکام نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران نالے پر قائم 800 کے قریب مکانات گرائے جائیں گے ۔