تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین کا اپنی موت سے متعلق ایک بیان سوشل میڈیا پرزیرگردش ہے۔خادم حسین رضوی کے اچانک انتقال کی خبرکے بعد خادم حسین رضوی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنی موت کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں خادم حسین رضوی کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’ایک دن اعلان ہوگا مولوی خادم مر گیا، کوئی کہے گا بہت اچھا بندہ تھا، جبکہ کوئی کہے گا بہت برا تھا۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ’دو ہی باتیں ہوتی ہیں یا اچھا تھا یا برا انسان تھا، درمیانی کوئی بات نہیں ہوتی۔‘
بیان سننے والوں مخاطب کرتے ہوئے خادم حسین رضوی کہتے ہیں کہ ’تم لوگ کہہ دینا اچھا انسان تھا پر سخت تھا، لیکن یاد رکھنا آج میرا ساتھ دے لو ورنہ بعد میں ہمارے جیسا کوئی نہیں ملے گا۔‘
علامہ خادم حسین رضوی نے2017 میں تحریک لبیک کی بنیاد رکھی،2018 کے انتخابات میں سندھ اسمبلی میں نشست لینے میں کامیاب ہوئے۔
علامہ خادم حسین رضوی کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے تھا۔ وہ 22 جون 1966 کو ’نکہ توت‘ ضلع اٹک میں حاجی لعل خان کے ہاں پیدا ہوئے تھے۔جہلم و دینہ کے مدارس دینیہ سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد لاہور میں جامعہ نظامیہ رضویہ سے درس نظامی کی تکمیل کی۔
خادم حسین رضوی حافظ قرآن ہونے کے علاوہ شیخ الحدیث بھی تھے اور فارسی زبان پر بھی عبور رکھتے تھے۔