اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو، موساد کے چیف کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کی موجودگی میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو ملک کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن کے ہمراہ غیراعلانیہ طورپرسعودی عرب پہنچے اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
اسرائیلی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا اس غیراعلانیہ ملاقات میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی موجود تھے جو اس وقت یورپ اور مشرق وسطیٰ کے 8 ممالک کے دورے پرہیں۔
پانچ گھنٹے پر محیط اسرائیل اور سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کی ملاقات تبوک کے شہر نیوم میں ہوئی۔ اس سے کئی گھنٹے قبل امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ولی عہد سے ملاقات میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے حوالے سے اسرائیل، سعودی عرب اور امریکا کی جانب سے نہ تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے۔