بارش برسانے والے سسٹم نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث جمعرات تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواوٴں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث بلوچستان کے ضلع کوئٹہ، شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللّٰہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، مستونگ، نوشکی، قلات، خضدار ، واشک، خاران، پنجگور، کیچ، آوارن، لسبیلہ، چاغی اور گوادر میں جمعرات تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی اضلاع میں برفباری بھی ہوگی۔
پی ڈی ایم اے نے برف باری اور بارش کی صورت میں ہیوی مشینری الرٹ کرتے ہوئے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایڈوائزی جاری کردی ہے۔اس کے ساتھ ہی شہری سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے۔