دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا تھا
دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا تھا

کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے 4 دہشت گرد گرفتار ۔

رپورٹ:شرجیل مدنی
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ویسٹ پولیس نے اہم کارروائی کر تے ہوئے بنارس کے علاقے سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ مبینہ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں ہائی ایکسپلوزو، ڈیٹونیٹنگ وائرز اور ڈیٹونیٹرز برآمد کرلیے گئے۔
 
با خبر ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کے مبینہ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا تھا۔
 
ذرائع کے مطابق گرفتار 4 دہشت گردوں میں سے 3 کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور ایک کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی سے بتایا جاتا ہے ۔
 
ذرائع کے مطابق چاروں مبینہ دہشت گرد افغانستان سے پہلے بلوچستان اور پھر کراچی پہنچے تھے، کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشت گرد کراچی ویسٹ کے علاقے بنارس میں مقیم تھے۔
 
ذرائع  کے مطابق کالعدم بی ایل اے کا مبینہ دہشت گرد بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان لے کر کراچی پہنچا تھا۔
 
ملزمان سے 60 میٹر ڈیٹونیٹنگ وائرز،16 ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ان دہشت گردوں کی نشاندہی پر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق ان چاروں دہشت گردوں کو افغانستان میں پہلے دہشت گردی کی تربیت دی گئی اور اُس کے بعد کراچی میں دہشت گردی کا ٹاسک دے کر بھیجا گیا۔
 
ذرائع کے مطابق ان دہشت گردوں کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی ایک آئی ڈی اور پاس ورڈ بھی دیا گیا، جس پر انہیں مبینہ دہشت گرد حملے کا ٹارگٹ دیا جانا تھا۔
 
ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان اور بی ایل اے مل کر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار دہشت گرد ماضی میں بھی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔