ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور بازار رات آٹھ بجے تک کھلے رہیں گے
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور بازار رات آٹھ بجے تک کھلے رہیں گے

حکومتِ سندھ نےرات 8 بجے تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دیدی۔

حکومتِ سندھ نے کراچی کے تاجروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے انھیں رات 8 بجے تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دیدی، تاہم انھیں سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم کراچی کے تاجروں نے سندھ حکومت کے اس فیصلے کو یکسر مسترد کردیا تھا۔تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صبح 6 بجے دکانیں کھولنا قابلِ عمل نہیں، بلکہ صبح 10 سے رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے۔

اس حوالے سے سندھ حکومت اور کراچی کی تاجر برادری کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں تاجروں کے مطالبات مان لئے گئے۔

اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تاجروں اور کاروباری طبقے کو مارکیٹس رات 8 بجے تک کھلی رکھنی کی اجازت دے دی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور بازار رات آٹھ بجے تک کھلے رہیں گے۔ تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز، دکان مالکان اور شہریوں سے توقع ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی مانیٹرنگ کی جائیگی، تمام شہری دکاندار و خریدار سمیت ہر ایک کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔