آسٹریلیا نے بھارت کو سڈنی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں چاروں شانے چت کردیا اور میچ میں 66 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔ کپتان ایرن فنچ اور اسٹیو اسمتھ نے سنچریاں بنائیں۔ بھارتی ٹیم 375 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بمشکل 308 رنز ہی بناسکی۔
ایڈم زمپا نے 4 اور ہیزل ووڈ نے 3 بھارتی کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، یوں میزبان ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ پر 156 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔
ڈیوڈ وارنر 156 کے اسکور پر 69 رنز کی اننگز کھیل کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے لگائے اور اپنی وکٹ محمد شامی کے حوالے کی۔
دوسری وکٹ پر کپتان کا ساتھ دینے کے میچ کے بہترین کھلاڑی اسٹیو اسمتھ آئے، جنہوں نے 66 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 264 کے اسکور پر گری، کپتان ایرن فنچ 114 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ بھومرا کے حصے میں آئی۔
اسٹیو اسمتھ کی برق رفتار اننگز کا خاتمہ بھی محمد شامی نے کیا تاہم اس کے بعد میکسویل نے رہی سہی کسر پوری کردی، 19 گیندوں پر 45 رنز جڑدیے۔
میکسویل نے اس دوران 3 چھکے اور 5 چوکے لگائے اور بھارت کے خلاف 374 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کرنے میں اپنا حصہ ڈالا۔
374 رنز کا بڑا حصہ دیک کر بھارت بیٹسمین شروع ہی میں ڈگمگا گئے اور ابتدائی 4 وکٹیں صرف 101 رنز پر گرگئیں، اگروال 22، کپتان کوہلی 21، شریاس ایّر 2 اور لوکیشن راہول 12 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
اس موقع پر پانڈیا اور شیکھردھون نے 146 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کو میچ میں واپسی کی راہ پر ڈالا، تاہم دھون 74 اور پانڈیا 90 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بھارت کی طرف سے کوئی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا، یوں 50 اوورز میں8 وکٹ پر 308 رنز تک محدود رہی۔