کارکنان کی بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی۔فائل فوٹو
کارکنان کی بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی۔فائل فوٹو

ملتان۔قاسم باغ میدان جنگ میں تبدیل۔علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں گرفتار

 پولیس نے قاسم باغ کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیاجبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتارکرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ رات اپوزیشن کارکن قاسم باغ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رکھے گئے کنٹینر ہٹانے کے لیے کرین لے کر پہنچے تو سی پی او ملتان حسن رضا بھاری نفری کے ہمراہ قاسم باغ آگئے، انہوں نے پولیس لائن سے ریزرو اہلکار بھی طلب کرکے آپریشن کی تیاری شروع کردیں۔

کچھ ہی دیر میں قاسم باغ میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ پولیس نے اپوزیشن کارکنوں پر شدید لاٹھی چارج کیا اور پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی سمیت 25 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

رات گئے گرفتاریوں کے بعد پی ڈی ایم کارکنان اسٹیڈیم خالی چھوڑکرچلے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اسٹیڈیم میں پہنچایا گیا سامان واپس بھجوادیا۔ انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم خالی کروانے کے بعد اسٹیڈیم کے تمام راستے کنٹینرزلگا کر دوبارہ بند کردیے ۔

سی پی او ملتان حسن رضا نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آردرج کرلی گئی ہے، قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 کچھ بھی ہوجائے 30 نومبر کو جلسہ ہرحال میں کریں گے۔بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے ملتان میں کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملتان میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے۔ کچھ بھی ہوجائے 30 نومبرکو جلسہ ہرحال میں کریں گے۔ جیالوں کو کوئی بھی تکلیف ہوئی تو ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہو گا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے 30 نومبر کو ملتان میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، جلسے کی میزبانی پیپلز پارٹی کررہی ہے۔