آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو 51 رنز سے شکست دے کرتین میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو بہترین ثابت ہوا۔
آسٹریلیا کی جانب سے سلامی جوڑی ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 142 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
فنچ 60 رنز بنا کر محمد شامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ نے کریز سنبھالی اور اپنی بہترین فارم کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سنچری داغ دی۔
سابق آسٹریلوی کپتان کی یہ بھارت کے خلاف مسلسل تیسری سنچری تھی جو انہوں نے محض 62 گیندوں پر اسکور کی۔
بعد ازاں آخری اوورز میں گلین میکس ویل اور لیبوشین نے جارح انداز اپنایا اور ٹیم کا ٹوٹل 389 رنز تک پہنچا دیا۔
بھارت کی جانب محمد شامی، پانڈیا اور بمرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں کوہلی الیون کا آغاز ناقص رہا اور ان کی پہلی وکٹ 58 رنز پر گر گئی جب دھون 30 رنز بنا کر ہیزول ووڈ کا شکار بنے۔
بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے مزاحمت کی مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ کوہلی 89 جب کہ راہول 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے تین جب کہ ہیزول ووڈ اور زیمپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ میں سنچری اسکور کرنے پر اسٓٹیو اسمتھ کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔