افغانستان کے صوبے بدغیث کے فوجی اڈے پرراکٹ داغ دیا گیا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر عبدالناصر نورستانی ہلاک اور10 اہلکار زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے بدغیث کے علاقے بالامرغا میں واقع فوجی کیمپ پر جنگجوؤں نے راکٹ سے حملہ کردیا،حملہ اتنا اچانک تھا کہ افغان فوج کو سنبھلنے اور جوابی کارروائی کا موقع نہیں مل سکا۔
راکٹ لانچر حملے میں افغان فوج کی انفینٹری بریگیڈ سوم کے چیف عبدالناصر نورستانی ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
افغان فوج کے ترجمان نے حملے سے متعلق میڈیا کو فراہم کی گئی تفصیلات میں ذمے داری طالبان پر عائد کی ہے تاہم طالبان کی جانب سے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
گزشتہ روزغزنی میں افغان فوجی بیس پر خود کش حملے میں 31 اہلکار ہلاک اور24 زخمی ہوگئے تھے جن میں اکثریت کمانڈوز کی تھی۔