بيٹے کی غلطی سے ماں کی جان چلی گئی۔ بلديہ ٹاؤن ميں پستول سے کھیلتے ہوئے نوجوان سے گولی چلی، جو اس کی والدہ کے پیٹ میں لگی، پوليس نے ملزم کو گرفتار کرليا۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی 24 سالہ واجد کو والدہ کے قتل کے الزام میں گرفتار کرکے سعید آباد تھانے منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کا بھائی سيکيورٹی ادارے ميں ملازم ہے، جو اپنا اسلحہ گھر چھوڑ کر گيا تھا، واجد نے دوسرے بھائی کے ساتھ مل کر اسلحہ سے کھيلنا شروع کرديا، اس دوران ايک گولی چل گئی جو ماں کی جان لے گئی۔
مقتولہ کے شوہر الياس کہتے ہيں کہ واجد نے جان بوجھ کر گولی نہيں چلائی۔ پوليس کے مطابق واجد چار بھائيوں ميں سب سے بڑا اور نشے کا عادی ہے۔
سعيد آباد تھانے ميں قتل خطا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے واجد کو گرفتار کرليا گيا ہے، تاحال واقعے ميں استعمال ہونیوالا پستول برآمد نہيں ہوسکا۔