پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد کا کہنا ہےکہ ملک میں کورونا ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نوشین حامد نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے حکومت فنڈ اکٹھا کررہی ہے،2021 کی دوسری سہ ماہی میں ویکسین لگانا شروع کردیں گے اورویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے شروع میں ایک لیبارٹری تھی لیکن اب 150 سے زائد لیبارٹریز ہیں، بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھائی گئی تھی۔
نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 2500 آکسیجن بیڈ کا اضافہ کیا ہے مگروینٹی لیٹرز سے زیادہ ضرورت آکسیجن بیڈ کی ہے۔
واضح رہےکہ حکومت نے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا ہے،پیرکے روز این سی او سی کی جانب سے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی تھی اور گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے ویکسین کی خریداری کے لیے 150 ملین ڈالر مختص کرنے کی منظوری دی۔