بھارتی ریاست بہار میں یکطرفہ محبت میں مبتلا نوجوان نے شادی شدہ خاتون کو قتل کردیا۔ اہل علاقہ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور خوب درگت بنانے کے بعد ندی میں پھینک دیا جس سے اس کی موت ہوگئی۔
ضلع مدھونی کے علاقے بھگوان پور میں 30 سالہ ارون کمار چوپال نامی نوجوان نے 28 سالہ شادی شدہ خاتون پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے بچوں کو کھانا کھلا رہی تھی۔ نوجوان نے خاتون کو بچوں کے سامنے ہی چاقوکے پے در پے وارکر کے قتل کردیا۔ شور شرابے پر علاقہ مکین اکٹھے ہوگئے جنہوں نے نوجوان کی خوب درگت بنائی اور اس کو بیہوشی کی حالت میں ندی میں پھینک دیا.
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے نوجوان کی لاش ندی سے باہر نکالی ۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیہوشی کی حالت میں پھینکے گئے نوجوان کی ڈوب کر ہلاکت ہوئی ہے۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے علاقہ مکینوکا کہنا ہے کہ ارون کمار چوپال مقتولہ بھارتی دیوی سے یکطرفہ محبت کرتا تھا اور ہر وقت اس سے بات کرنے کی کوشش میں رہتا تھا۔ وہ کئی بار اس کے سسرال بھی پہنچ گیا تھا۔ جب قتل کی واردات ہوئی تو بھارتی دیوی اپنے میکے آئی ہوئی تھی، اسی دوران ارون کمار نے اس سے بات کرنے کی کوشش کی اور اس کے منع کرنے پر اسے بچوں کے سامنے ہی قتل کردیا۔