ایران کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام خلیجی ریاست کے حکمران محمد بن زاید النہیان کو براہ راست دیا گیا ہے،اماراتی ویب سائٹ کا دعویٰ
ایران کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام خلیجی ریاست کے حکمران محمد بن زاید النہیان کو براہ راست دیا گیا ہے،اماراتی ویب سائٹ کا دعویٰ

امریکا نے ہم پر حملہ کیا تو ہم عرب امارات پر حملہ کردیں گے، ایران کی دھمکی

مڈل ایسٹ آئی (ایم ایم آئی) ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کی جانب سے حملے کی صورت میں متحدہ عرب امارات پر حملے کی دھمکی دی ہے۔
ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام خلیجی ریاست کے حکمران محمد بن زاید النہیان کو براہ راست دیا گیا ہے۔
جریدے کے مطابق ایران نے پیغام میں کہا ہے کہ اگر امریکا نے امارات کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا تو جواب میں ایران دبئی پر حملہ کردے گا اور ہم محسن فخری زادہ کا قاتل بھی تصور کریں گے۔
ایم ایم آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا اماراتی ولی عہد سے رابطہ اتوار کو اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت سے چند گھنٹے قبل ہوا۔
خیال رہے کہ 27 نومبر کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے بانی سائنسدان محسن فخری زادہ کو تہران میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
ایران نے ایٹمی سائنسدان کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا اور صحیح وقت پر بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
اس صورتحال کے بعد خلیج میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور تیزی سے صورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ اسرائیل نے اپنے سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔
اس سے قبل بھی انکشاف ہوا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مدت کے آخری دنوں میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیلئے مشیروں سے مشاورت کی ہے۔