پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اب 28 جولائی کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔فائل فوٹو
پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اب 28 جولائی کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کا پاکستانی اسکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ پرعالمی وبا کورونا وائرس کے بے حد برے اثرات مرتب ہوئے۔دس روزتک کبھی آج اورکبھی کل کا سلسلہ چلانے کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کو مینجڈ آئسولیشن میں ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ حکومت کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے روزکیا گیا جس روز پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ امید تھی کہ شاید اب ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت مل جائے۔

ایشلے بلوم فیلڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ تمام صورتحال جانچنے کے بعد کیا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایکٹیو کووڈ کیسز موجود ہیں اورانہیں خدشہ ہے کہ اس وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ حکومت کی اولین ترجیح صحت عامہ ہے جس میں افراد اور ٹیمیں سب شامل ہیں، اس سے مہمان ٹیم کو چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا اور اسے برداشت کرنے پر وہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو شیڈول کے مطابق تین دن بعد ٹریننگ کی اجازت مل جانا تھی لیکن پہلے روز ٹیسٹ میں 6 افراد کے نتائج مثبت اور ایس او پی کی خلاف ورزی کے بعد اس اجازت کو معطل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں تیسرے اور چوتھے روز کے ٹیسٹ میں بھی پاکستان اسکواڈ سے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے، مجموعی طورپرپاکستان اسکواڈ میں 10 ممبران کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے جن میں سے 6 ایکٹیو اور4 ہسٹارک کیسز ہیں، 6 ایکٹیو کیسز اسکواڈ سے علیحدہ قرنطینہ میں ہیں، مثبت نتائج پانے والے 10 افراد کے دوبارہ ٹیسٹ نہیں ہوئے۔

دوسری جانب نویں روز ہونے والے چوتھے روٹین ٹیسٹ میں تمام 44 ممبران کے نتایج منفی آئے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئسولیشن کا مرحلہ 8 دسمبر کو مکمل ہونا ہے، اس سے قبل بارہویں روز کی ٹیسٹنگ اتوار کو ہوگی، کلیئر افراد اسی روز کوئنز ٹاؤن سفر کے اہل ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس بھی بلا لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیداران سے رابطہ کیا اور نیوزی لینڈ میں ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی جب کہ پی سی بی نے معاملات کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدارن کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے اورنیوزی لینڈ سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس وقت تک پاکستان کے 6 ارکان کووڈ 19 پازیٹو ہیں جو اسکواڈ کے دیگرارکان سے الگ ایک فلورپراپنی آئسولیشن کی مدت پوری کر رہے ہیں۔