کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ کمروں میں بند ہیں،میڈیا سے گفتگو
کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ کمروں میں بند ہیں،میڈیا سے گفتگو

نیوزی لینڈ میں اس وقت قومی ٹیم مشکل وقت سے گزر رہی ہے، وسیم اکرم

کراچی: سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اس وقت قومی ٹیم مشکل وقت سے گزر رہی ہے، کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ کمروں میں بند ہیں۔
کراچی میں آج سابق کپتان وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو واپس بلا لیا جائے لیکن نیوزی لینڈ میں موجود قومی کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ بند ہیں۔
انھوں نے کہا ایک ہفتے سے زائد ہوگیا کھلاڑی وہاں کمروں میں بند ہیں، قومی کھلاڑی اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، اس سے پاکستانی کرکٹرز کی کارکردگی پر سیریز کے دوران اثر پڑے گا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے تھا کہ وہ کرکٹرز کو زیادہ وقت پاکستان میں آئسولیشن میں رکھتے، پاکستان میں ہی 14 روز کا آئسولیشن کرانا چاہیے تھا، ٹیم کو واپس بھیجنے کا نیوزی لینڈ بورڈ کا بیان پاکستان کے لیے کافی شرمندگی کا باعث بنا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ سے رائے طلب کی تھی، کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اس سلسلے میں کھلاڑیوں سے فیڈ بیک لے کر بورڈ کو بتائیں گے، جس کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی مشاورت کریں گے۔
ذرایع کے مطابق ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کے درمیان دورہ نیوزی لینڈ پر مشاورتی عمل جاری ہے، جلد اہم فیصلے ممکن ہیں۔