آج سندھ بھر میں سندھی کلچر ڈے بڑی دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی آج کا دن سندھ کلچرل ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے، اس کی مناسبت سے سندھ کی ہزاروں سال قدیم روایات کے امین سندھ واسی روایتی لباس زیب تن کرتے، اجرک اور ٹوپی سجائے سندھ کی رنگا رنگ دھرتی سے اظہار یکجہتی اور نوجوان نسل کو سندھ کی ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے نکلتے ہیں۔
برسوں پرانی تہذیب و ثقافت کے امین سندھ کے باسی اپنی تاریخ و ثقافت کو کبھی نہیں بھولتے۔ آ ج سندھ بھرمیں ثقافتی دن بڑی دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے، جس کیلیے شہریوں میں خوب جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر صوبے بھر میں ریلیوں اورتقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، نوجوانوں کی جانب سے سندھی اجرک ٹوپی پہن کرعلاقائی دھنوں پر رقص کیا جا رہا ہے جبکہ ثقافتی رنگوں میں رنگ کرخواتین اور بچے بھی پرجوش نظرآ رہے ہیں۔
سندھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے کراچی سی ویو پر بھی ریلی نکالی گئی جس میں سندھی اجرک اور ٹوپی پہن کر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکا لوک گیتوں پر جھومتے نظر آئے۔
سر پر ٹوپی اور کاندھوں پر اجرک سجائے شہریوں نے گزشتہ روز دن بھر ریلیاں نکالیں، کیا بچے کیا بزرگ سب ہی ثقافتی گانوں پر روایتی رقص کرتے رہے، تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے سماں باندھ دیا۔
سندھی کلچرل ڈے شہریوں کیلئے میل ملاپ اور خوشیوں کا سامان لے کر آتا ہے، آج بھی صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں اور تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اس دن کو منانے کا آغاز 2009 میں کیا گیا جس کے بعد سے ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو یہ دن سندھی ثقافت سے یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے، نہ صرف سندھ بلکہ دنیا بھر میں آباد سندھ سے تعلق رکھنے والے افراد اس دن کی مناسبت سے روایتی ٹوپی اور اجرک زیب تن کرتے ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے، کہیں ریلیاں نکالی جاتی ہیں تو کہیں ڈھول کی تھاپ پر جھوم جھوم کر اور گھوم گھوم کر مخصوص دھمالی رقص کیا جاتا ہے اور کہیں لوک فنکار اپنے دل چھو لینے والے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔