عمان نے 103 ممالک کے لیے انٹری فری سیاحتی ویزا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاہم فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
غیرملک خبررساں ادارے کے مطابق سلطنت عمان کی جانب سے 103 ممالک کے لیے مشروط انٹری فری سیاحتی ویزا پروگرام شروع کیا جارہا ہے، جن ممالک کے لیے مفت ویزا انٹری کی سہولت فراہم کی گئی ہے، ان کی پہلی فہرست میں یورپی یونین، دوسری فہرست میں جنوبی امریکا کے ممالک برازیل، چلی، ارجنٹائن، کولمبیا، ویزویلا اور اکواڈور اورتیسری فہرست میں چاپان، تھائی لینڈ، جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، روس، چین، برونائی دارالسلام، ایران، ازبکستان، آذربائیجان، بوسنیا، بھارت، قزاقستان اور ویتنام کے لیے علاوہ دیگرعرب ممالک شامل ہیں تاہم کسی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے عمانی پولیس نے بتایا ہے کہ مشروط ویزے کے لیے سیاح کو دس دن کے قیام کی اجازت ہوگی۔ جب کہ عمانی حکومت نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سیاحوں کو جن شرائط پرعمان آنے کی اجازت ہوگی ان میں پیشگی ہوٹل بکنگ اورواپسی کی کنفرم بکنگ پیش کرنا ہوگی اورقانون کے مطابق سیاحوں کو میڈیکل انشورنس بھی حاصل کرنا ہوگی، جب کہ سیاحتی پروگرام کا تمام انتظام ٹورآپریٹرزکریں گے۔