راولپنڈی کےعلاقےتھانہ گنج منڈی کےسامنےفلٹریشن پلانٹ پربم دھماکا ہوگیا۔دھماکےسے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 25 افرادزخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کاکہناہے کہ دھماکا فلٹریشن پلانٹ کے قریب کھڑے ٹھیلے کے پاس ہوا۔زخمیوں کو طبی امداد کیلیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا۔
سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل حکام بھی موقع پر پہنچ گئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کا کہنا ہے کہ دھماکا تھانے کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد جائے حادثہ کے قریب تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جب کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 10 روز کے دوران یہ دوسرا دھماکا ہے، پہلا دھماکا پیرودہائی اور دوسری آج گنج منڈی میں ہوا، دونوں دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے۔