نائیجریا میں اسکول پرحملے کے بعد 400 سے زائد طالب علم لاپتا ہوگئے جن کے اغوا ہونے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شمال مغربی صوبے کتسینا میں واقع اسکول پرایک بڑے گروہ نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں کے پاس خود کاراسلحہ تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں اور پولیس کے مابین فائرنگ میں بعض طلبہ کواسکول سے فرار ہونے کا موقع مل گیا۔ اسکول میں طلبا کی مجموعی تعداد 600 بتائی جاتی ہے جن میں سے صرف 200 کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکی ہے۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس، فوج اور نائجیرین فضائیہ اسکول حکام کیساتھ رابطے میں ہے اور لاپتا یا اغوا ہونیوالے طالب علموں کے بارے میں معلومات جمع کی جارہی ہیں۔
خبر رساں اداروں سے بات کرتے ہوئے بعض مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے حملہ آوروں کو اپنے ساتھ کچھ بچوں کے لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔نائیجیریا میں اس سے قبل اپریل 2014 میں ایسا ہی ایک ہولناک واقع پیش آیا تھا جب شدت پسند گروپ بوکو حرام نے چیبوک میں بچیوں کے ایک سکول پر حملہ کرکے 246 طالبات کو اغوا کرلیا تھا۔