لاہورکے علاقے لیاقت آباد میں ڈولفن پولیس نے خاتون کو اسلحے کے زورپراغوا اورزیادتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق 4 مسلح ملزمان خاتون کواغوا کرکے عزت لوٹنے کیلیے ویرانے میں لے جانے کی کوشش کررہے تھے کہ ڈولفن ٹیم نے 15 کی کال پرکارروائی کرتے ہوئے خاتون کی عزت کو محفوظ بنالیا اورخاتون کو اپنی تحویل میں لے کرتھانہ لیاقت آباد منتقل کردیا۔
ترجمان ڈولفن نے بتایا کہ رکشہ سوار خاتون کو 4 مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پراغوا کیا، ٹیم کے پہنچنے پرملزمان نے ڈولفن پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم کی شناخت جہانگیرکے نام سے ہوئی جو ریکارڈ یافتہ ہےجس کے خلاف ہوائی فائرنگ وشراب نوشی کے متعدد مقدمات درج ہیں، ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
رکشہ ڈرائیورعادل نے بیان دیا کہ ملزمان ممتاز نامی خاتون کو اغوا کرکے ساتھ لے جانا چاہ رہے تھے، چاروں ملزمان کے پاس اسلحہ تھا اور نشے میں دھت تھے۔
پولیس نے خاتون کے رشتہ دارکی مدعیت میں مارے جانے والے ملزم اوراس کے ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل، پولیس مقابلہ اوراغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری طرف مقتول جہانگیرکے اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پیکو روڈ کو بلاک کردیا اور اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ جعلی پولیس مقابلے میں جہانگیرکو قتل کیا گیا، جہانگیرکسی قسم کی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھا۔
سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ نے واقعے پرنوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسپلن سید امین بخاری کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا اور72 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔