سانتا کلاز تحفوں کی بجائے کورونا وائرس دے گیا۔ یہ واقعہ بیلجیئم کے ایک نرسنگ ہوم میں پیش آیا جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک سانتا کلاز کے نرسنگ ہوم کے دورے کے نتیجے میں نرسنگ ہوم میں مقیم 98 افراد اور اسٹاف کے 20 ممبران کورونا کا شکار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بیلجیئم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپ کے نزدیک واقع علاقے مول میں پیش آیا۔
اس حوالے سے دستیاب مزید اطلاعات کے مطابق گذشتہ ویک اینڈ پر نرسنگ ہوم میں داخل ایک شہری کے بیٹے نے نرسنگ ہوم کے باقی رہائشیوں کو خوش کرنے کیلئے ایک سانتا کلاز کا روپ دھار کر سینٹر کا دورہ کیا۔
اس اجتماع کے اگلے روز ہی اس شخص کی طبیعت خراب ہوگئی۔ ٹیسٹ میں اسکا کورونا مثبت آیا۔ جس کے بعد نرسنگ ہوم میں مقیم تمام افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔
جہاں بدقسمتی سے پہلے مرحلے میں 45 افراد اور بعد ازاں متاثرین میں روزانہ اضافہ ہونے لگا۔
آخری اطلاعات کے مطابق سانتا کلاز بنے ہوئے شہری کے اس ایک وزٹ سے مجموعی طور پر سینٹر کے 118 افراد کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ جس پر بیلجئین میڈیا نے اس شخص کو ‘سُپر کورونا اسپریڈر ‘ کا لقب دیا ہے۔
یاد رہے کہ بیلجیئم میں حکام نے کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اس طرح کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ مقامی مئیر نے نرسنگ ہوم کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اس طرح کی تقریب کی اطلاع نہ دے کر نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کی بلکہ شہریوں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالا۔
جبکہ ہوم اسٹاف کا موقف ہے کہ یہ واقعہ مرکزی ہال میں پیش آیا تھا جہاں تحائف نہیں بانٹے گئے اور تمام لوگوں نے ماسک لگائے ہوئے تھے۔ لیکن بعد میں سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیٹر کے علاوہ باقی لوگوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔