میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں ، مجھے ذہنی طورپرٹارچرکیا جارہاہے۔فائل فوٹو
میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں ، مجھے ذہنی طورپرٹارچرکیا جارہاہے۔فائل فوٹو

محمد عامر پی سی بی سے ناراض۔ریٹائر منٹ کی دھمکی دیدی

پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ سے ناراض فاسٹ بائولر محمد عامر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی دھمکی دیدی ، ان کا کہناتھا کہ باضابطہ اعلان آئندہ دودنوں میں کروں گا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامرنے نجی ٹی وی کے صحافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحول بن چکاہے ، مجھے نہیں لگتا کہ موجود ہ مینجمنٹ کے انڈر کھیل سکتاہوں ،میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں ، مجھے ذہنی طورپرٹارچرکیا جارہاہے ،ہر بات پر مجھے پر طنز کیا جاتاہے۔

محمد عامر نے کہاکہ  میں نے 2010 سے 2015 تک بہت ٹارچر برداشت کیا ہے ، کرکٹ سے دور رہا اورجو واقعہ ہوا اس کی سزا بھی کاٹی ، مجھے بار بار یہ کہا جارہاہے کہ پی سی بی نے تم پر بہت سرمایہ کاری کی ہے ، میں دو بندوں کو کریڈٹ دیتاہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا ان میں نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی شامل ہیں، یہ وہ دو بندے ہیں جنہوں نے میرا مشکل وقت میں ساتھ دیا جبکہ باقی ٹیم کہہ رہی تھی کہ ہم نے عامر کے ساتھ نہیں کھیلنا ، میں ان کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مشکل وقت میں سپورٹ کیا ۔

محمد عامر کا کہناتھا کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا ذاتی فیصلہ کیا لیکن اسے لوگوں کے سامنے غلط انداز میں پیش کیا گیا کہ پتا نہیں میں ملک سے کھیلنا نہیں چاہتا ، ارے بھائی ملک سے کون نہیں کھیلنا چاہتا ؟۔کبھی باولنگ کو چ کہتے ہیں کہ عامر نے ڈچ کر دیا ، کبھی کہتے ہیں اس کا ورک لوڈ نہیں تھا ، مجھے دبے لفظوں میں کہا گیا کہ بھائی صاحب آپ ہمارے مستقبل کے پلان میں نہیں ہیں ۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باولر کا کہناتھا کہ ابھی پاکستان واپس پہنچا ہوں ایک یا دو دن میں اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا حتمی اور باضابطہ اعلان کروں گا ۔