نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر20 اوورز میں 173 رنز بنائے۔فائل فوٹو
نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر20 اوورز میں 173 رنز بنائے۔فائل فوٹو

تیسرا ٹی ٹونٹی۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کو زیرکرلیا

تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو زیرکرلیا،174رنز کا ہدف6وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، محمد رضوان نے89رنز بنائے اور قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی نے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں ٹیم کو 40 رنز پراعتماد آغاز فراہم کیا، حیدر علی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد پچھلے میچ میں 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور 41 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ، فہیم اشرف بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان شاداب خان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو جیت کے لیے 3 گیندوں پر 3 رنز درکار تھے جب افتخار احمد نے چھکا لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وکٹ پر ڈٹے رہے، وہ آخری اوور میں 59 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔ زبردست کارکردگی پر محمد رضوان کو مین آف دی میچ سے نوزا گیا جب کہ ٹم سیفرٹ کو مین آف دی سیریز دیا گیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں 7 وکٹوں کے نقصان پر20 اوورز میں 173 رنز بنائے تھے جس میں سب سے اہم کردار” ڈیوون کانوے “ کے63رنز نے ادا کیا ۔نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کوجیت کیلیے174رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈکو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر مارٹن گپٹل اور ٹم سیفر ٹ نے میدان میں اترکرکھیل کا آغاز کیا لیکن 40 رنزکے مجموعے پرگپٹل حارث رئوف کی گیند پر شاداب کے ہاتھوں 19 رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔

ان کے بعد آنے والے کین ولیمسن صرف ایک اسکور بنانے میں ہی کامیاب ہوئے اور45 رنزکے مجموعے پر پویلین پوٹ گئے ۔ ٹم سیفرٹ اپنے قدم وکٹ پر جما رہے تھے کہ فہیم اشرف نے خطرناک بال پھینک کر انہیں 35رنز پر بولڈ کر دیا ۔

گلین فلپس31رنزبنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ۔جیمز نشام نے دو  اور اسکاٹ نے 14 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے اچھی باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے اورحارث رئوف نے  2،2 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔