پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مردان میں جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ استعفے اُٹھاکراِن کے منہ پر مارنے چاہئيں، 400 سے زائد استعفے آجائيں گے تو تمہارا وزیراعظم رہنا مشکل ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں مریم نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سنا تھا نا کہ کسی کو تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیے، کل کہا کہ مجھے حکومت میں لاکر بیٹھا تو دیا لیکن حکومت چلانے کی کوئی تیاری نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب تم جانتے تھے کہ وزارت عظمیٰ کے اہل نہیں ہو تو شیروانی پہننے کی جلدی کیوں تھی؟ ڈھائی سال بعد کہتا ہے کہ ہمیں حکو مت چلانی نہیں آتی، کیا الیکشن سے پہلے یہ نہیں کہتے تھے کہ میرے پاس دو سو بندوں کی ٹیم ہے، کابینہ کے لوگ بار بار اپنی کرسیاں بدل لیتے ہیں لیکن تمہارے دو سو افراد کی ٹیم نظر نہیں آئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال کے بعد عمران خان آج عوام کو بتاتے ہیں مجھے جاری خسارے کا پتا نہیں تھا، ایک کروڑ نوکریاں دینے کی تمہاری تیاری نہیں تھی لیکن اپنے دوستوں کو نوازنے کی پوری تیاری تھی،حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122 ارب روپے کا ایل این جی چوری کی تیاری تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غریب کے مکان اور دکان تو گرا دیتے ہو بنی گالہ 12 لاکھ دے کر قانونی کرڈالا، جس نے تابعداری کی ہو اس کو جھکنے کے سوا کچھ نہیں آتا، تمہاری حکومت چلانے کی تیاری ہو یا نا ہو عوام نے تم کو گھر بھیجنے کی تیاری کرلی ہے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں میں پی ڈی ایم سے ڈرتا نہیں، استعفے ان کے منہ پر مارنا چاہئیں، 400 سے زائد استعفے آجائیں گے تو حکومت کا ایک دن بھی رہنا مشکل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزراء کی کارکردگی اور انہیں اہداف سونپنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی نئی گورنمنٹ کو اس طرح حکومت میں نہیں آنا چاہیے، پوری تیاری ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’سب سے پہلی چیز یہ ہے کہ ہمیں اس سسٹم پر نظر ثانی کرنی چاہیے، جب آپ کی ٹیم بن جائے تو پھر آپ کو حکومت سنبھالنے سے پہلے پورا ٹائم ملنا چاہیے خصوصی طور پر حکومت سنبھالنے کی تیاری کیلئے‘۔