سیاہ فام شخص کی شناخت 47 سالہ آندرے مورس ہل کے نام سے ہوئی۔فائل فوٹو
سیاہ فام شخص کی شناخت 47 سالہ آندرے مورس ہل کے نام سے ہوئی۔فائل فوٹو

ایک اور سیاہ فام شہری امریکی پولیس کی بھینٹ چڑھ گیا

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں پولیس نے فائرنگ کرکے ایک اور سیاہ فام شہری کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے شہرکولمبس میں پولیس کی فائرنگ سے ایک اور سیاہ فام شہری ہلاک ہوگیا، کولمبس پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ایک کال موصول ہونے پر پولیس جب گھر پہنچی تو ہاں گیراج میں ایک آدمی موجود تھا جس کے ایک ہاتھ میں موبائل جبکہ دوسرا ہاتھ پیچھے کی جانب تھا، گیراج میں موجود شخص نے جیسے ہی پولیس کی جانب چلنا شروع کیا تو ایک آفیسر نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیاہ فام شخص ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب کولمبس شہر کے مئیر نے فائرنگ کرنے والے پولیس آفیسر کو فوری طور پر معطل کردیا ہے، مئیر کا کہنا ہے کہ سیاہ فام شخص کی شناخت 47 سالہ آندرے مورس ہل کے نام سے ہوئی ہے جو کہ گھر میں بطور مہمان رکا ہوا تھا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد تحقیقات کا آغازکردیا گیا ہے، پولیس آفیسرکی گن بھی قبضے میں لے لی گئی ہے جب کہ واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔